ضلع وسطی،ہفتے میں 6دن تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کافیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں اینٹی انکروچمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، میونسپل کمشنرز، ڈائریکٹرز ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ، اینٹی انکروچمنٹ پولیس اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تجاوزات اور پتھاروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔کسی بھی ریسٹورنٹس ، ہوٹلز کواجازت نہیں کہ وہ اپنی حدود سے باہر آکر تجاوزات کرے ۔طحہٰ سلیم نے اجلاس میں کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ڈینٹر ،پینٹرز ، پھلوں کے ٹھیلے ، سبزی کے ٹھیلے اور رکشہ اسٹینڈز سے عوام ذہنی اذیت کا شکار ہیں اسکو فوری طور پر ختم کرا جائے اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اب ہفتے میں 6 دن آپریشن کیا جائے گا جس میں کسی بھی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگرکوئی بھی انکروچمنٹ کا آفیسر اگر اپنے کاموں میں کوتاہی یا غفلت برتے گا اسکے خلاف بھی محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی ، تجاوزات کے خلاف نائٹ آپریشن تیز کیا جائے اور ڈپارٹمنٹ کے یارڈز میں کیمرے نصب کیے جائیں۔