جھینگے ،مچھلی کی برآمدات میں مسائل پرکارروائی کا عندیہ
کراچی (آن لائن)صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی کی زیرِ صدارت فش ایکسپورٹرز کا اہم اجلاس ہوا۔۔
جس میں سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈی جی میرین فشریز ڈاکٹر علی محمد مستوئی، ڈی جی ان لینڈ فشریز ڈاکٹر ذوالفقار علی لاڑک، ایم ڈی فش ہاربر اتھارٹی ودیگر متعلقہ افسران کے ساتھ ایکسپورٹرز فیصل افتخار اور ارشد عزیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں جھینگے اور مچھلی کی برآمدات کے فروغ اور موجودہ چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔صوبائی وزیر نے فش ایکسپورٹرز کی جانب سے جھینگے اور مچھلی کی برآمدات میں درپیش مسائل پر فوری کارروائی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے سیکریٹری لائیو اسٹاک کو ہدایت دی کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کی جائے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سے رابطہ کرکے مسائل کے حل میں پیشرفت کرینگے ۔ وزیر نے کہا کہ جھینگے اور مچھلی کی ایکسپورٹ کے لیے تمام اداروں کی ذمہ داریاں واضح ہیں اور سندھ حکومت اس صنعت کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔سندھ کے قدرتی وسائل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے علی ملکانی نے کہا کہ پاکستان کی جھینگے کی برآمدات میں سندھ کا حصہ نمایاں ہے ، اور عالمی منڈی میں سندھ کے جھینگے کو منفرد مقام حاصل ہے ۔