جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت نہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے سالانہ امتحانات برائے سال 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا۔
سائنس گروپ میں ایک لاکھ 73 ہزار 461 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی، کامیابی کا تناسب 69.52 فیصد رہا، جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ میں 15 ہزار 745 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی، کامیابی کا تناسب 51.05 فیصد رہا، طلباء وطالبات یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر دیکھ سکتے ہیں۔نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں ایک لاکھ 76 ہزار 784 طلبا و طالبات رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 73 ہزار 461 طلبا و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے ، غیر حاضر طلبا و طالبات کی تعداد 3 ہزار 323 رہی۔تمام پرچوں میں کامیاب طلباء و طالبات کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 592 رہی اور کامیابی کا تناسب 69.52 فیصد رہا۔اسی طرح جنرل گروپ ریگولراور پرائیویٹ میں 16 ہزار 753 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، 15 ہزار745 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 1008 امیدوار غیر حاضر رہے ۔ جنرل گروپ ریگولر میں سات پرچوں میں 5 ہزار 961 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی اور کامیابی کا تناسب 56.76 فیصد رہا۔علاوہ ازیں پرائیویٹ جنرل گروپ میں 5 ہزار 672 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، 5 ہزار 242 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 430 امیدوار غیر حاضر رہے ۔پرائیویٹ جنرل گروپ میں ساتوں پرچوں میں کامیابی کا تناسب 39.62 فیصد رہا۔