محمد علی جناح یونیورسٹی میں روڈ سیفٹی سیشن،ہیلمٹ تقسیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی (ماجو) کے طلبا سوسائٹی جین زی کے زیر اہتمام ’’نوجوانوں میں روڈ سیفٹی اور ترقی کے احساس‘‘کے موضوع پر آگہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے اسٹاف میں ہیلمٹ تقسیم کیے اورٹریفک قوانین سے متعلق سوالات کے درست جوابات دینے والے طلباء کو بھی ہیلمٹ دیئے گئے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ آگہی سیشن کا مقصد نوجوانوں کو نہ صرف روڈ سیفٹی کے اصولوں کی تعلیم کیساتھ ذمہ دار شہری بننے کی ترغیب بھی دے گا۔ طلباء ہماری سب سے بڑی ترجیح ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ۔ جلد ہی ٹریفک پولیس کے تعاون سے یونیورسٹی کے طلبا کو ٹریفک لائسنس فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی میں ٹریفک اہلکاروں کی ٹیم آئے گی۔انہوں نے کہاکہ سگنل توڑنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اخلاقی گناہ بھی ہے ، جو دوسروں کے حقوق کی تلفی کا باعث بنتی ہے ۔اس موقع پرسندھ حکومت کے سینئر ہیلتھایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر عبداللہ سومرو نے کہا کہ ہماری جان اللہ کی امانت ہے ، اور اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ۔چیف ویمن میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر نصرت سہتو، نے کہاکہ ناگہانی حالات سے بچنے کے لیے گاڑی چلاتے وقت احتیاط کریں ،اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔شعبہ سوشل سائنسز کے سربراہ اشتیاق کولاچی نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں ٹریفک قوانین کی آگہی کو نصاب کا حصہ بنانا چاہیے ۔