کے فور کی توسیع : گرڈ اسٹیشن کی تنصیب کیلئے ٹینڈر کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے 4 منصوبے کی توسیع سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ توانائی کو 132 کے وی کے گرڈ اسٹیشن کی تنصیب اور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کیلئے ٹینڈرز جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے محکمہ بلدیات کو بھی ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق سول ورک کی منظوری حاصل کرنے کا کام شروع کردیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ وزرا اور سیکریٹریوں کو بتادیا ہے کہ اس اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد کیا جائے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں کے فور کے توسیعی منصوبے کی ڈیڈلائن دسمبر 2025 تک کام ختم کرنا ہے ۔ جو بھی رکاوٹیں ہیں، میں انہیں دور کروں گا۔ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ودیگرنے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈیزائن کی تیاری اور فنڈز کی منظوری کے باوجود کام کے آغاز میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے منصوبہ بندی اور بلدیات کے وزرا کو جنوری 2025 سے منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت کی اور یقین دلایا کہ وہ فنڈز کا بندوبست کرلیں گے ۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر حسین شاہ نے بجلی کے کام سے متعلق وزیراعلیٰ کو بتایا کہ 132 کے وی کا گرڈ اسٹیشن اور رہائشی کالونی قائم کرنے کیلئے 6 ایکڑ زمین حاصل کرلی گئی ہے۔ 30 کلومیٹر کی ٹرانسمیشن لائن سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی طرف سے بچھائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی کو ہدایت کی کہ ٹرانسمیشن لائن کی موسمی اثرات سے متعلق رپورٹ اس ماہ کے آخر تک مکمل کرلی جائے تاکہ اس کے بعد کام کا آغاز کیا جاسکے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے بارہویں سالانہ پی اے سی وی ٹی ایس سائیٹیفک کانفرنس 2024 سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ امراض قلب کی شرح بہت زیادہ ہوگئی ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں موت کی بڑی وجہ ہیں۔ انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے دن رات کام کرنیوالے میڈیکل پروفیشنلز کی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر طاہر صغیر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس آئی سی وی ڈی پروفیسر جاوید اکبر سیال، صدر پی اے سی وی ٹی ایس ڈاکٹر حسنات شریف اور پی اے سی وی ٹی ایس کے کنوینر ڈاکٹر علی رضا منگی نے شرکت کی۔ مزید برآں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سندھ پولیس کے باکسر ساحر آفریدی نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ نے چیمپئن بننے پر ساحر کو شاباش دی۔