خواتین پولیس اہلکاروں میں موٹر سائیکلیں تقسیم
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے گزشتہ روز اپنے دفتر کے پی او میں خواتین پولیس اہلکاروں کو موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر کراچی پولیس چیف نے کمیونٹی پولیسنگ چیف مراد سونی اور نجی بینک کے باہمی تعاون سے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو 25 نئی موٹر سائیکلیں تقسیم کیں۔کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے اس منصوبے کا مقصد شہر میں پولیس کی موجودگی کو مزید موثر، جرائم کی روک تھام اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔ خواتین پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکلیں وصول کرنے کے بعد اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی خدمت اور حفاظت کیلئے اپنے فرائض مزید لگن سے ادا کریں گی۔