ٹریفک پولیس کے افسرکی گاڑی کی ٹکر سے شہری جاں بحق ،مقدمہ درج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریفک قوانین کی پابندی کرانے والے خود قانون توڑنے لگے ۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب کے پی ٹی انڈر پاس میں ٹریفک ایس او نے گاڑی سے ٹکر مار کر شہری کی جان لے لی۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے میں ملوث ایس او ٹریفک شاہدہنگورو کو گرفتار کرکے معطل کردیاگیا،ٹریفک حادثے میں 55 سالہ ایوب مٹھار ولد محبوب مٹھار جاں بحق ہوگیا تھا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ کلفٹن میں متوفی کے بھتیجے ارباب علی کی مدعیت میں غفلت،لاپروائی اور تیز رفتاری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مدعی مقدمہ نے بیان دیا کہ تیزرفتار گاڑی چلانے والے ایس او شاہد ہنگورو نے میرے چچا کی پک اپ کو عقب سے ٹکر ماری ،پک اپ ٹکرانے سے فرنٹ شیشہ ٹوٹا اور چچا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ۔