شہری پرتشدد کیس،شاہ زین مری کے پانچ محافظوں کاجسمانی ریمانڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بوٹ بیسن کے قریب شہری پر تشدد کے مقدمے میں شاہ زین مری کے پانچ محافظوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفتیشی افسر نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج عدالت میں پیش کرتے ہوئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے پانچ کلاشنکوف برآمد کی گئی ہیں جن کے علیحدہ مقدمات درخشاں تھانے میں درج کئے ہیں۔ ملزمان سے تفتیش کے بعد دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنا ہے ، مقدمے میں ملزم شاہ زین مری اور غلام قادر مفرور ہیں، حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک کرانا ہے ، لہذا ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔ وکیل صفائی عمران علی نے کہا کہ عدالت میں پیش کیے گیے ملزمان ویڈیو میں نظر نہیں آرہے ہیں، جس کے خلاف مقدمہ ہے اس تک پولیس پہنچ نہیں سکتی ہیں، صرف میڈیا کی وجہ سے ملازمین کو گرفتار کیا گیا ہے ، پوری دنیا کو پتہ ہے شاہ زین مری کوئٹہ میں بیٹھا ہے کوئی گرفتار نہیں کرسکتا ہے ، شاہ زین مری یہاں بھی آکر کھڑا ہو جائے پولیس اسکو نہیں پکڑے گی، پولیس نے باورچی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جو وہاں موجود نہیں تھا، سسٹم میں اتنا دم نہیں ہے کہ شاہ زین مری کو گرفتار کرے ۔