شہر میں جگہ جگہ منڈی کے قیام کے خلاف کارروائی کی ہدایت

شہر  میں  جگہ  جگہ منڈی  کے  قیام  کے خلاف کارروائی کی ہدایت

کراچی(این این آئی)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کراچی میں تمام سول اور فوجی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے لئے قائم کی جانے والی ۔۔

مویشی منڈی کو بے مثال اور خوبصورت انداز میں لگائیں اور منڈی کی ضرور یات کے مطابق تمام سہولتیں فراہم کریں ۔یہ ہدایت انہوں نے پیر کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں اعلیٰ سول فوجی افسران کے علاوہ بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی)،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ( ایس ایس ڈبلیو ایم بی)، کنٹونمنٹ بورڈز، کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز ،ایڈیشنل کمشنر کراچی اور دیگر ادارے شریک تھے ۔ کمشنر کراچی نے اجلاس سے خطاب میں مزید کہا کہ ہم قربانی کا ایک دینی فریضہ ادا کرنے جارہے ہیں اور اس مذہبی فریضے کو ادا کرنے کے لئے ہمیں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا ۔میں یہ بات واضح کر دوں کہ اس نیک کام میں کسی قسم کی کوتاہی بالکل برداشت نہیں کر وں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کے ناجائزٹیکس یا کوئی اور شکایت موصول ہوئی تو ہر قسم کی قانونی کا رروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کے ایم سی کو ہدایت کی کہ وہ صرف ایک منڈی لگائے اس میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرے ۔شہر میں جگہ جگہ منڈی کے قیام کے خلاف کارروائی کی جائے ، انہوں نے ڈپٹی کمشنر ملیر کوہدایت کی 3 دن میں ایک جامع رپورٹ دیں جس میں ہر قسم کی تجاویز اور معلومات ہوں ارسال کریں، اس موقع پر ایڈ یشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی رینج جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ مویشی منڈی میں ہر قسم کی امن وامان کی سہولت کراچی پولیس فراہم کر ے گی اور پولیس کی بھر پور کوشش ہوگی کہ ایک اچھے اور پر تحفظ ماحول میں بیوپاری اور خریدار مویشی منڈی میں خریداری کر یں۔ اس موقع پر کور ہیڈ کواٹرز ، پاکستان رینجرز اور ایس ایس ایم ڈبلیو ایم بی کی جانب سے متعددتجاویز دی گئیں جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز نے بھی تجاویز سے آگاہی دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں