کندھ کوٹ :سیاہ کاری کے الزام میں نوجوان قتل،ملزمان فرار

کندھ کوٹ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) سندھ کے مختلف اضلاع میں پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے کئی علاقوں میں تفتیش اور سرچ آپریشن شروع کر دیا جب کہ لاڑکانہ میں آپریشن کے دوران ڈکیت کو موت کی نیند سلادیاگیا۔
کندھ کوٹ کے تھانہ جمال کی حدود میں چولیانی قبیلے کے مسلح افراد نے مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں باجکانی قبیلے کے نوجوان عارب باجکانی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان گھر خالی کر کے فرار ہو چکے ہیں، اور تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ کشمور میں گیھلپور تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں نے لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد اقبال کو اغوا کے بعد تاوان نہ ملنے پر قتل کر دیا۔ مقتول کو شادی کا جھانسہ دے کر بلایا گیا تھا۔ لاش جھاڑیوں سے برآمد کر کے لاہور بھجوا دی گئی۔ لاڑکانہ میں تھانہ بخشاپور پولیس نے جکھرانی گینگ کے خلاف خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن کیا۔ مقابلے میں ایک ڈاکو مرید جکھرانی ہلاک جبکہ بگی، فرید اور نواب جکھرانی سمیت 4 زخمی ہوئے ، جنہیں ساتھی فرار کروا لے گئے ۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ محراب پورکے گاؤں فیض محمد راجپر میں رشتہ داری کے تنازعے پر دو گروپوں کے درمیان تصادم میں بابر راجپر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ۔ مورو کے چوہان کالونی میں بچوں کی معمولی تکرار پر بڑے آمنے سامنے آگئے ۔ ڈنڈوں اور اینٹوں کے آزادانہ استعمال سے 6 افراد، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، زخمی ہو گئے۔