موجودہ حالات میں کاروبار کرنا مشکل ہوگیا،الیکٹرانکس ڈیلرز

موجودہ حالات میں کاروبار کرنا مشکل ہوگیا،الیکٹرانکس ڈیلرز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کی الیکٹرانکس اور موبائل مارکیٹوں میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

پولیس کی نااہلی اور عدم دلچسپی نے جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے دی ہے اور صورتحال اب ناقابلِ برداشت ہوتی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ واقعے میں موبائل فون مارکیٹ اسٹار سٹی کے سامنے ایک تاجر سے 58لاکھ روپے کی بھاری رقم لوٹ لی گئی، یہ واردات اس وقت پیش آئی جب متاثرہ تاجر بینک سے رقم نکال کر مارکیٹ کی جانب آ رہا تھا۔ واردات کے بعد ڈاکو باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔رضوان عرفان نے مزید انکشاف کیا کہ اس سے قبل بھی بینکوں سے رقم لانے والے ڈیلرز کو متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے ، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ کسی بھی واردات میں ملوث ملزمان کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا، اس سے نہ صرف تاجروں کا اعتماد مجروح ہوا بلکہ لاکھوں روپے کے مالی نقصانات کا کوئی ازالہ بھی ممکن نہیں ہو سکا ۔ صدر ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ ، صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ کیا کہ کراچی کی اہم کاروباری مارکیٹوں میں لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لیاجائے اور الیکٹرونکس وموبائل مارکیٹوں کو محفوظ بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں