نجی فیکٹری کے کیمیکل زدہ پانی سے سڑک ڈوب گئی

 نجی فیکٹری کے کیمیکل زدہ پانی سے سڑک ڈوب گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل ہائی وے پر واقع جوگی موڑ کے قریب ایک نجی فیکٹری کا زہریلا اور کیمیکل زدہ آلودہ پانی سڑک پر بہنے لگا ہے، جس کے باعث قومی شاہراہ تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 بتایا جاتا ہے کہ نجی فیکٹری سے نکلنے والا کیمیکل ملا پانی گزشتہ کئی مہینوں سے سڑک پر بہہ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال روز کا معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں، ٹریفک جام، اور پھسلن کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ نجی فیکٹری قومی شاہراہ پر بنے برساتی نالے میں باقاعدگی سے کیمیکل زدہ پانی چھوڑتی ہے ، جو بارش یا نکاسیٔ آب کے کسی بھی نظام کی غیر موجودگی میں براہ راست سڑک پر پھیل جاتا ہے ۔ اس عمل سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کی صحت بھی شدید خطرے میں پڑ چکی ہے ۔ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ کیمیکل زدہ پانی کا کھلے عام سڑک پر بہنا انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے جو جلدی امراض، سانس کی تکالیف اور دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے ۔ علاقہ مکینوں اور مسافروں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور نہ صرف متعلقہ فیکٹری کے خلاف کارروائی کی جائے بلکہ نیشنل ہائی وے پر نکاسی آب کے موثر انتظامات بھی کیے جائیں تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات دلائی جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں