پولیس اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان سپردخاک

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اورنگی ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران پولیس اہلکارکی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان فہیم کی نماز جنازہ گزشتہ روز گھر کے قریب واقع مسجد میں ادا کی گئی۔۔۔
جس میں مقتول کے اہلخانہ، عزیز و اقارب اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی بعد ازاں مقتل کو گھر کے قریب واقع مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔یاد رہے کہ منگل کو اورنگی ٹاؤن توحید کالونی میں لڑائی جھگڑے کے دوران پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان فہیم ولد یاسین جاں بحق اور 21 سالہ نوجوان انس عالم ولد شریف عالم زخمی ہوگیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے ۔فوٹیج میں پولیس اہلکار اشتیاق کو اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پرگلی میں آتے دیکھا جاسکتا ہے ، پولیس اہلکارنے موٹر سائیکل سے اتر کر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، اہل محلہ جمع ہوئے تو پولیس اہلکار نے اسلحہ نکال لیا، تلخ کلامی کے دوران پولیس اہلکار نے فائرنگ کردی جس سے گلی میں بھگدڑ مچ گئی، واقعے کا مقدمہ مقتول نوجون فہیم کے والد محمد یاسین کی مدعیت میں مومن آباد تھانے میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزم اشتیاق عزیز آباد تھانے میں تعینات ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔