نجی یونیورسٹی کے سابق چانسلر و وی سی کیخلاف مقدمہ درج

نجی یونیورسٹی کے سابق چانسلر و وی سی کیخلاف مقدمہ درج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں واقع نجی یونیورسٹی کے سابق چانسلر ، سابق وی سی سمیت دیگر کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔۔۔۔

مقدمہ واقعہ کے ایک ماہ بعد عدالتی حکم پر درج کیا گیا۔مقدمہ تھانہ گلشن اقبال میں الزام نمبر 356/25 درج کیا گیا ۔مقدمہ یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ،املاک کو نقصان پہنچانے ،اہم دستاویزات اور سامان چوری کرنے اور دھمکانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔مقدمے میں سابق چانسلر جاوید انوار ، سابق وی سی منور حسین سمیت19 نامزد اور 15 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ۔مقدمہ یونیورسٹی کے چیف سیکیورٹی آفیسر سید پرویز اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مدعی مقدمہ کے مطابق چھٹی کے روز سابق چانسلر جاوید انوار ، مونور حسین ، فرخ نظامی ، ارشد خان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ یونیورسٹی میں زبردستی داخل ہوئے ۔ ملزمان نے یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ کی اور سیکیورٹی گارڈز کو دھمکایا۔نجی یونیورسٹی کی اہم انکوائری فائلز، ڈیٹا اور قیمتی سامان چوری کر لیا گیا۔سابق چانسلر کے ساتھ نامزد 19 ملزمان اور 15 نامعلوم ملزمان یونیورسٹی پر حملہ آور ہوئے ۔حملے میں چانسلر آفس ، رجسٹرار آفس ، سی سی ٹی وی کنٹرول روم کو نقصان پہنچایا گیا۔ایڈمن کے دفتر سمیت دیگر ریکارڈ روم میں ملزمان داخل ہوئے ، مدعی نے بیان دیا کہ ملزمان نے مختلف دفتروں سے چیک بکس، اہم فائلیں، اور تین لیپ ٹاپ بھی چوری کیے ،ملزمان نے واکی ٹاکی سمیت دیگر اہم ریکارڈ شدہ فائلیں چوری کی،تمام ملزمان نجی یونیورسٹی کے ریکارڈ روم کو نقصان پہنچا کر فرار ہوگئے ،تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں