کوٹری :خاتون غیرت کے نام پر قتل،خاموشی سے دفنانے کا انکشاف

کوٹری :خاتون غیرت کے نام پر قتل،خاموشی سے دفنانے کا انکشاف

کوٹری(نمائندہ دنیا)سندھ کے شہر کوٹری کے علاقے گوٹھ محمد خان شورو میں غیرت کے نام پر خاتون کو قتل کرنے اور ۔۔۔

لاش کو خاموشی سے دفنانے کا دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے ۔واقعے کی اطلاع مقتولہ کی والدہ مسماۃ بانو نے پولیس کو دی، جنہوں نے اپنی بیٹی 36 سالہ امبرین کے قتل کا مقدمہ پانچ ملزمان کے خلاف درج کرایا۔ نامزد ملزمان میں مزار شورو، قادر بخش شورو، مجیب شورو، نبیل شورو اور ضمیر شورو شامل ہیں۔مدعیہ کے مطابق ملزمان نے رات کے وقت گھر میں گھس کر اہل خانہ کے سامنے فائرنگ کرکے امبرین کو قتل کیا، اور بعد ازاں خوف و ہراس پھیلانے اور خاموشی اختیار کرنے کے لیے دھمکیاں دیں۔ایف آئی آر کے مطابق چند روز قبل مقتولہ کی نواسی فائزہ نے پسند کی شادی کے لیے گھر چھوڑ دیا تھا، جس پر ملزم مزار شورو نے امبرین کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے بارہا دھمکیاں دی تھیں کہ \"تم نے لڑکی کو بھگا کر خاندان کی عزت خاک میں ملا دی۔پولیس کے مطابق واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اور ایس ایس پی جامشورو کو بھی صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت سے قبر کشائی کی اجازت حاصل کی جائے گی تاکہ پوسٹ مارٹم کے ذریعے قتل کی تصدیق کی جا سکے ، تاہم تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، جس پر مقتولہ کے اہل خانہ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں