حیدر آباد کے سیوریج نالے موت کے کنویں بن گئے ،ایم کیوایم

حیدرآباد(نمائندہ دنیا )ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے۔۔۔
کہا کہ حیدرآباد کے سیوریج نالے موت کے کنویں بن چکے ہیں۔ نالوں کی دیواریں جگہ جگہ سے غائب ہیں، صفائی کا کوئی انتظام نہیں، اور شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر خطرات کا سامنا ہے ۔حق پرست رکن سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ نے جاں بحق بچی کے علاقے اللہ داد چند گوٹھ جا کر لواحقین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے ۔راشد خان کا کہنا تھا کہ مئیر حیدرآباد کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے نام پر دو ارب روپے خرچ ہونے کے دعوے کیے گئے ، لیکن پورے شہر میں کہیں بھی عملی کام دکھائی نہیں دیتا۔ مون سون کا آغاز قریب ہے ، مگر کسی نالے کی صفائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے شہریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا مئیر، ٹاؤن چیئرمین اور یوسی چیئرمین کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ایم ڈی واسا، ایچ ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام فوری طور پر اپنی ذمہ داری نبھائیں اور سیوریج نالوں کی دیواریں تعمیر، صفائی کا نظام بہتر اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔