نوجوان تشدد کیس:ہائیکورٹ میں ملزمان کی درخواست ضمانت پرنوٹس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں ڈیفنس کے علاقے میں نوجوان دھیرج پر تشدد کے کیس میں نامزد ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔۔۔
سماعت کے دوران متاثرہ نوجوان دھیرج بھی عدالت میں پیش ہوا۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سیشن عدالت پہلے ضمانت مسترد کر چکی ہے ، لیکن موجودہ حالات میں ضمانت دی جانی چاہیے ۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیے کہ صبر کریں، پہلے ہم نوٹس جاری کریں گے ۔ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی۔دوسری جانب سابق ایس ایس پی کے بیٹے زین عباسی کے مبینہ قتل کے کیس میں ملزم مصور احمد تنیو کی درخواست ضمانت پر بھی سماعت ہوئی۔ مدعی کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ 31 جولائی 2024 کو مقتول ڈیفنس فیز 6 میں واقع ملزم کے ریسٹورنٹ گیا، جہاں لین دین کے تنازع پر ملزم نے کافی میں نشہ آور کرسٹل ملا دیا، جس سے زین کی موت واقع ہوئی۔عدالت نے سوال کیا کہ یہ کیسے ثابت ہوتا ہے کہ موت کرسٹل کے باعث ہوئی؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ میں نشہ آور مادے کی تصدیق ہوئی ہے اور مقتول چونکہ دل کے عارضے میں مبتلا تھا، وہ نشہ برداشت نہیں کر سکتا تھا۔ مزید بتایا گیا کہ واقعے کے بعد ریسٹورنٹ کے دو ویٹرز فرار ہو گئے ہیں، جو شک کو جنم دیتا ہے ۔عدالت نے فریقین سے تحریری دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی۔