اسرائیل دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست ،کاشف شیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے برادر اسلامی ملک ایران پر فضائی حملے کی سخت مذمت اور شہادتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاگل جنونی شخص نتن یاہو نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے پورے خطے کو آگ میں دھکیل دیا ہے۔
پہلے غزہ، لبنان، حماس، حزب اللہ اور اب شام پر دوسرا بڑا حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیلی ریاست دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست ہے جس شیطان امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے ۔اسرائیل کے اس اقدام سے نہ صرف خطے کی سلامتی کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگا بلکہ کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا،ایرانی حکومت کو اپنے تحفظ اور شہدا کا بدلہ لینے کا پورا پورا حق حاصل ہے امریکا کی حمایت یافتہ صہیونی ریاست اس جارحیت کے نتائج کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے ۔ صہیونی ریاست کے ہاتھ نہ روکے گئے تو کل کسی اور مسلم ملک کی باری ہوگی اس لیے مسلم حکمران خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں۔بیان میں انہوں نے سلامتی کونسل سے امن کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل خطے میں اسرائیلی جارحیت اور مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے ۔حالیہ حملہ ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسرائیلی فضائی حملے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔