صوبائی بجٹ میں کراچی کیساتھ سوتیلا سلوک برقرار ،احمد ندیم

 صوبائی بجٹ میں کراچی کیساتھ سوتیلا سلوک برقرار ،احمد ندیم

کراچی(این این آئی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مسلسل کراچی کو اس کے جائز ترقیاتی حقوق سے محروم کر رہی ہے جو نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے ۔

گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں پیش کیے گئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں ایک بار پھر کراچی شہر کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا گیا ہے ۔سندھ حکومت مسلسل کراچی کو اس کے جائز ترقیاتی حقوق سے محروم کر رہی ہے ۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر نے کہا کہ بجٹ میں کراچی کے لیے کسی میگا پروجیکٹ کا اعلان نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمرانوں کی ترجیحات میں کراچی کہیں موجود نہیں۔ کراچی پاکستان کا معاشی دارالحکومت ہے ، یہاں کے انفرااسٹرکچر، پانی، ٹرانسپورٹ، اور امن و امان کے مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں، لیکن سندھ حکومت نے اس شہر کے لیے محض خانہ پری کی ہے ۔احمد ندیم اعوان نے مزید کہا کہ افسر شاہی کی تنخواہوں میں اضافہ تو کر دیا گیا، مگر عام شہری کے لیے اس بجٹ میں صرف مہنگائی، ٹیکسز کا بوجھ اور جھوٹے وعدے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بجٹ کو اشرافیہ دوست اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے اس ناانصافی پر نظرِ ثانی نہ کی تو مرکزی مسلم لیگ کراچی کے عوام کے ساتھ سڑکوں پر ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں