رہائشی عمارتوں پر بل بورڈکے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب

رہائشی عمارتوں پر بل بورڈکے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے رہائشی عمارتوں پر بل بورڈ لگانے کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے ۔۔۔

 سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے شہر بھر میں رہائشی عمارتوں اور گھروں پر بل بورڈ اور سائن بورڈ لگانے کے خلاف شہری ریحان کی آئینی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور چار ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل مرید علی شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی بھر میں رہائشی عمارتوں، گھروں اور چھتوں پر بغیر اجازت بل بورڈ نصب کیے جا رہے ہیں جو نہ صرف شہریوں کی پرائیویسی متاثر کر رہے ہیں بلکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی بھی ہے ۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ مون سون سیزن شروع ہونے کو ہے اور ان بل بورڈز کی موجودگی انسانی جانوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی عمارتوں کی چھتوں پر بڑے سائز کے بورڈ لگائے گئے ہیں جن سے ہوا کی آمدورفت بند ہو گئی ہے اور رہائشی متاثر ہو رہے ہیں۔ عدالت نے تمام فریقین کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر اپنا مؤقف تحریری طور پر پیش کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں