کنٹونمنٹ بورڈز کی اپیلیں آئینی بینچ کو ارسال

کنٹونمنٹ بورڈز کی اپیلیں آئینی بینچ کو ارسال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے سندھ سیلز ٹیکس رولز کے خلاف کنٹونمنٹ بورڈز کی اپیلیں آئینی بینچ کو ارسال کردیں۔۔۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ سیلز ٹیکس رولز 2014 کے خلاف کنٹونمنٹ بورڈز کی اپیلوں پر سماعت کے دوران عدالت نے معاملہ مزید سماعت کے لیے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو ارسال کر دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ ریگولر بینچ ہے اس لیے ہم اس درخواست پر نوٹس جاری نہیں کریں گے ، سندھ ہائی کورٹ میں بھی اس معاملے کی سماعت آئینی بینچ نے کی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کمپنی سروس چارجز لیتی ہے مگر رقم بالآخر عوام سے ہی وصول کی جاتی ہے ، پہلے سو روپے وصول کیے جا رہے تھے اب ٹیکس بڑھنے کے بعد ایک سو پینتیس روپے لیے جائیں گے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ ٹیکس وصول کرتے ہیں تو کیا سندھ حکومت کو اختیار نہیں کہ وہ بھی ٹیکس وصول کرے ؟ عدالت نے واضح کیا کہ پیسہ عوام سے ہی لیا جانا ہے لیکن ہم غلط کام نہیں کریں گے ۔علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے صارم برنی کی انسانی اسمگلنگ مقدمے میں دفعات کے خاتمے سے متعلق درخواست پر وکیل درخواست گزار کو ایک ہفتے میں اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔ وکیل راج علی واحد ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے مقدمے میں اسمگلنگ ان پرسن کی دفعہ شامل کی ہے ، جو اس کیس پر لاگو نہیں ہوتی کیونکہ یہ دفعہ جنسی اسمگلنگ جیسے مخصوص معاملات سے متعلق ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں