شہری جانوں کو خطرات اور واٹر سپلائی انفرااسٹرکچر کی سلامتی کے پیش نظراقدام
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی کی باقاعدہ درخواست پر حب کینال میں تیراکی اور۔۔۔
عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی یہ فیصلہ حب کینال میں ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات شہری جانوں کو لاحق خطرات اور واٹر سپلائی انفرااسٹرکچر کی سلامتی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔ کمشنر کراچی نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر دفعہ 144 کے تحت 17 جون 2025 سے 16 جولائی 2025 تک حب کینال کے اطراف تمام غیر مجاز سرگرمیوں تیراکی اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی کا حکم جاری کیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حب کینال میں غیر قانونی سرگرمیاں نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ شہر کے پہلے ہی سے نازک آبی نظام کو بھی متاثر کرنے کا باعث بن سکتی ہیں ۔کمشنر کراچی نے تمام متعلقہ اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور مقدمات درج کریں ۔واضح رہے کہ یہ اقدامات حب کینال کے اطراف کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت اور کراچی کے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ناگزیر قرار دیے گئے ہیں۔ ترجمان واٹر کارپوریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں ۔