نقیب قتل کیس میں تفتیشی افسر کی غیرحاضری پربرہمی ، پیشی کا آخری موقع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ محسود قتل کیس کی سماعت کے دوران سابق تفتیشی افسر ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور انہیں پیش کرنے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ آئندہ سماعت پر ہر صورت میں عدالت میں پیش ہوں۔
دوران سماعت تفتیشی افسر ڈی ایس پی غلام مرتضیٰ نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر رضوان علیل ہیں اور بیماری کے باعث اپنا بیان ریکارڈ کرانے سے قاصر ہیں، اس لیے مہلت دی جائے ۔ عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہ کو لازمی پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سماعت کے دوران مقدمے میں گرفتار ملزمان سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، شعیب شوٹر، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تمام گرفتار ملزمان کو آئندہ سماعت پر بھی پیش کرنے کا حکم دیا اور کیس کی سماعت 3 جولائی تک ملتوی کردی۔ پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس اہلکاروں کو بری کیا جا چکا ہے جبکہ سات مفرور ملزمان نے عدالت کے فیصلے کے بعد خود کو سرینڈر کیا تھا۔