درخشاں میں 238کیمروں پر مشتمل نگرانی منصوبہ مؤثر قرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)درخشاں کے اطراف238 کیمروں پر مشتمل منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا۔ کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو سمیت ساؤتھ زون کے افسران شریک ہوئے اورمنصوبے کو موثر قراردیا۔ ڈیفنس میں مجموعی طورپر700 سے زائد کیمروں کی تکمیل کی سی پی کے نے یقین دہانی کرائی ہے ۔
پولیس نے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تھانہ ڈیفنس میں کمیونٹی پولیسنگ کراچی(سی پی کے )کنٹرول روم میں چیف سی پی کے مراد سونی و ٹیم اور ڈی ایچ اے کی ویجلنس ٹیم سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ایس ایس پی ساؤتھ، ایس ایس پی ٹریفک اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں، کنٹرول رومز کی افادیت، اپ گریڈیشن، تکنیکی معاونت، پولیس رسپانس اور ٹریفک مینجمنٹ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ایڈیشنل آئی جی نے جرائم کی روک تھام میں سی پی کے کیمروں کے کردار کو سراہتے ہوئے تھانہ درخشاں کی حدود میں نصب 238 کیمروں پر مشتمل منصوبے کو موثر قرار دیا۔اجلاس میں سی پی کے کو درپیش چیلنجز اور جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چیف سی پی کے مراد سونی نے ڈیفنس میں 700 کیمروں پر مشتمل منصوبے کی تکمیل اور اسمارٹ پولیسنگ کے حوالے سے یقین دہانی کرائی جبکہ پولیس سے تعاون کی درخواست کی ۔اجلاس کے اختتام پر سی پی کے ٹیم کی جانب سے پولیس چیف اور افسران کو گلدستے اور تحائف پیش کیے گئے ۔