کراچی بدترین قابلِ رہائش شہروں میں پھر شامل

کراچی بدترین قابلِ رہائش شہروں میں پھر شامل

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی جریدے دی اکانومسٹ کی ایک تازہ رپورٹ میں کراچی کو دنیا کے بدترین قابلِ رہائش شہروں میں ایک بار پھر شامل کرلیا گیا ہے ۔اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق کراچی کو 173شہروں میں سے 170 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے ۔

 یہ درجہ بندی پانچ شعبوں صحت، ثقافت و ماحول، تعلیم، بنیادی ڈھانچہ اور استحکام کی بنیاد پر کی گئی۔کراچی کو 100 میں سے صرف 42.7 پوائنٹس ملے ، جب کہ رپورٹ کے مطابق کوپن ہیگن 98 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کا بہترین شہر قرار پایا۔ اس کے بعد ویانا، زیورخ، میلبورن اور جنیوا بالترتیب فہرست میں شامل ہیں۔کراچی پاکستان کا واحد شہر تھا جو اس عالمی فہرست میں شامل ہوا مگر بدترین پوزیشن پر آیا ہے ۔گزشتہ سال کراچی کی درجہ بندی لاگوس، طرابلس، الجزائر اور دمشق کے ساتھ کی گئی تھی، اور اس سے پچھلے سال کراچی 169 ویں نمبر پر تھا۔اکتوبر 2024 میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے خبردار کیا تھا کہ پاکستان کے شہری مراکز بالخصوص کراچی دن بدن غیر مؤثر اور ناقابلِ رہائش بنتے جا رہے ہیں، جہاں ٹریفک، آلودگی، بد انتظامی اور طبقاتی تقسیم نے مسائل کو جنم دیا ہے ۔کراچی مشرقی ضلع میں کم آمدنی والے شہریوں کی بڑی آبادی آباد ہے ، جبکہ مراعات یافتہ طبقہ کینٹونمنٹ اور پرائیویٹ سوسائٹیز میں رہائش پذیر ہے ۔ یہ مذہبی اور نسلی طور پر تقسیم شدہ شہر ہے جہاں ماضی میں کئی بار فسادات ہو چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں