اسرائیلی دہشتگردی، یکجہتی کونسل کا جمعہ کو احتجاج کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران میں جاری اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف جمعہ 20 جون کو ’’یوم احتجاج‘‘ منایا جائے گا۔
ایران پر اسرئیلی جارحیت قابل مذمت،عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور کھلی دہشتگردی ہے ، ا و آئی سی کا اجلاس بلاکر نہ صرف حملوں کی مذمت بلکہ پورے عالم اسلام کو ایران کی پشت پرکھڑا ہونا چاہیے ، دہشت گرداسرائیل کو لگام نہ دی گئی تو اگلی باری کسی اور مسلم ملک کی ہوسکتی ہے ،امریکہ، بھارت اوراسرائیل کا شیطانی تکون امت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل سندھ قاضی احمد نورانی نے کہاکہ پاکستان کے عوام ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین سمیت ایران کے معاملہ پر بھرپور حمایت کرے ، عملی اقدامات بروئے کار لا ئے جائیں۔قبل ازیں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں اجلاس منعقد کیا گیا ،اجلاس میں ایران میں جاری اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ مسلم ممالک فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کرے اور ایران پر دہشت گردی کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں ۔ اجلاس میں علامہ ناظر عباس تقوی، محمد حسین محنتی، سید اسداقبال زیدی، ڈاکٹر صابر ابو مریم، علامہ عقیل انجم قادری، برجیس احمد،مولانا محمد اعجاز مصطفیٰ، مولانا ثقلین اسحاق، مجاہد چنا ،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، عبدالماجد فاروقی، سید علی محمد بخاری،عدنان روف انقلابی، سید بدر الحسنین عابدی نجفی سمیت ملی یکجہتی کونسل میں شامل دیگر دینی جماعتوں کے رہنماشریک تھے ۔