آتشزدگی کے واقعات اداروں کی لاپروائی کا نتیجہ،احمد ندیم

 آتشزدگی کے واقعات اداروں کی لاپروائی کا نتیجہ،احمد ندیم

کراچی(آئی این پی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے شہر قائد میں مارکیٹس، پلازوں اور عوامی مقامات پر آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔

 یہ واقعات حکومت اور متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت اور لاپروائی کا نتیجہ ہیں۔ حالیہ چند دنوں میں ہولناک آگ نے تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، جس پر دلی افسوس ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث حیرت و افسوس ہے کہ کراچی جیسے میگا سٹی میں بلند و بالا عمارتوں اور تجارتی مراکز کی تعمیر کے وقت فائر سیفٹی کے بنیادی اصولوں کو یکسر نظرانداز کر دیا جاتا ہے ، اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے رہتے ہیں۔ اگر بلڈرز اور مارکیٹ مالکان فائر سیفٹی میں کوتاہی کرتے ہیں تو یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سختی سے ان ضوابط پر عملدرآمد کرائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت حالیہ آتشزدگی کے واقعات میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے اور مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو فائر سیفٹی سے متعلق ٹریننگ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں عوام گھبراہٹ کے بجائے ذمہ داری اور شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کر سکیں۔ مرکزی مسلم لیگ ماضی میں بھی فائر سیفٹی کی تربیتی کلاسز کا انعقاد کر چکی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں