وفاقی محتسب کی کھلی کچہری ،شہریوں کی شکایات کے انبار

کراچی (این این آئی)وفاقی محتسب کی ہدایت پر سینئر ایڈوائزر (انچارج)ریجنل آفس کراچی سید انوار حیدر، ایڈوائزر سید ذاکر حسین ، گریوینسز کمشنر مولا بخش شیخ نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ کورنگی کراچی میں کھلی عوامی کچہری کا انعقاد کیا۔
عوامی اجتماع میں وفاقی محتسب کے افسران، ڈپٹی کمشنر مسعود بھٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور مختلف وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس جی سی، نادرا، لینڈ ڈپارٹمنٹ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کے الیکٹرک، لوکل گورنمنٹ اداروں اور دیگر اداروں کے خلاف متعدد شکایات درج کروائی گئیں۔ شکایت کنندگان کا تعلق لانڈھی ٹاؤن، کورنگی ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں سے تھا، انہوں نے اراضی، ایس ایس جی سی اور کے الیکٹرک کے بلاجواز بلوں، بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو قدرتی گیس، پانی اور بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ، تجاوزات اور دیگر شہری مسائل کے مسائل اٹھائے ۔سینئر ایڈوائزر سید انوار حیدر نے اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر سرکاری ملازمین عوامی شکایات کے ازالے میں ناکام رہے تو انہیں جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کورنگی کے مکینوں کے جائز مسائل پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو وفاقی حکومت کے 180 سے زائد محکموں اور اداروں سے متعلق شہریوں کی شکایات سننے اور ان کے ازالے کے لیے تجاویز دینے کا پابند بنایا گیا ہے ۔