ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کا کیس:ملزمان کی ضمانت منظور
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ڈیفنس میں شہری پر تشدد کے مقدمے میں گرفتار ملزمان سلمان فاروقی اور۔۔
اویس ہاشمی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور مچلکوں کی ادائیگی پر رہائی کا حکم دیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق متاثرہ نوجوان 12 جون کو عدالت میں پیش ہوا اور اس نے رضاکارانہ طور پر بیان دیا کہ اسے ملزمان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں اور یہ مقدمہ اس کی مرضی کے بغیر درج کروایا گیا۔ مدعی مقدمہ اور متاثرہ نوجوان دونوں نے عدالت میں این او سی پیش کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کا کوئی سابقہ کرمنل ریکارڈ نہیں اور نہ ہی پراسیکیوشن نے ان سے کسی تفتیش کا دعویٰ کیا ہے ، اس لیے انہیں غیر معینہ مدت تک جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ملزمان ضمانت کا غلط استعمال کریں تو ٹرائل کورٹ کو اختیار ہے کہ ان کی ضمانت منسوخ کر دے ۔