عبداللہ شاہ غازی ؒروحانیت کا روشن استعارہ ،وزیر اعلیٰ

 عبداللہ شاہ غازی ؒروحانیت کا روشن استعارہ ،وزیر اعلیٰ

کراچی (این این آئی)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عبداللہ شاہ غازی کو روحانیت کا روشن استعارہ قرار دیتے ہوئے۔۔

 کہا کہ صوفی بزرگوں کی تعلیمات انسانیت، بھائی چارے اور دوسروں کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔ یہ مزار ہر آنے والے کو عزت، سکون اور برکت عطا کرتا ہے ۔ صوفی روایت کا پیغامِ محبت اور برداشت آج بھی ہمارے معاشرے کیلئے مشعلِ راہ ہے ۔یہ بات وزیر اعلی نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری اور تین روزہ عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے دعا مانگی، مزار پر چادر چڑھائی اور مزار پر موجود مستحقین میں کپڑے تقسیم کیے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے عرس میں شرکت کرنے والے زائرین کی سہولت و آرام کے لیے مکمل انتظامات یقینی بنائے ہیں۔وزیر اعلی نے سندھ کے روحانی ورثے کے تحفظ اور فروغ کیلئے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا۔مراد علی شاہ نے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صوفی بزرگوں کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں۔ انہوں نے آج کے دور میں اتحاد اور برداشت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدار عبداللہ شاہ غازی اور سندھ کے دیگر روحانی بزرگوں کی لازوال میراث ہیں۔عرس حضرت عبداللہ شاہ غازی کے وصال کی 1295ویں برسی کے طور پر منایا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں