تیز رفتار ڈمپر ویگو گاڑی پر الٹ گیا،خاتون اور 8سالہ بچی جاں بحق،ڈرائیور فرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ریتی بجری سے بھرا ڈمپر گاڑی پر الٹ گیا، خاتون اور بچی جاں بحق۔۔
جبکہ ایک خاتون اورڈرائیور زخمی ہوگئے ، حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیورفرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔واقعے کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کر لیا گیا۔مقدمہ واقعے میں جاں بحق خاتون شاہینہ کے شوہر محمد نعیم خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ مدعی کے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کی بیوی شائینہ چچا زاد بھائی اور اپنے رشتے داروں کے ہمراہ گھر سے نکلی،شاہینہ اپنے بھائی کاشف کو حج سے واپسی پر ایئر پورٹ سے لانے کیلئے گئی تھی،فون پر اطلاع ملی کے راشد منہاس روڈ پر حادثہ ہوا ہے ، جا کر دیکھا تو ڈمپر کے نیچے فیملی دبی ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے ۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے حادثے کی رپورٹ مرتب کرلی ۔تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حادثہ رات تین بجکر پینتالیس منٹ پر پیش آیا ۔ڈمپر پر ریتی بجری لوڈ تھی،سی او ڈی کے قریب ڈمپر کا ٹائی راڈ ٹوٹ گیا،ٹائی راڈ ٹوٹنے سے ڈمپر بے قابو ہوکر برابر میں چلنے والی ویگو گاڑی پر الٹ گیا۔متاثرہ گاڑی اور ڈمپر کو تحویل میں لے کر شاہراہِ فیصل تھانے منتقل کردیا گیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ڈمپر کے ویگو گاڑی پر الٹنے سے جاں بحق ہونے والی خاتون شاہینہ اور 10سالہ بچی کی جامع مسجد احناف لیاقت آباد میں ہونے والی نماز ِ جنازہ میں شرکت اور واقع میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر منعم ظفر خان نے کہا کہ ڈمپرو ٹینکر کی تیز رفتاری اور قانون شکنی شہریوں کی جان لیوا بن چکی ہے اور آئے روز کوئی نہ کوئی شہری خونی ڈمپر و ٹینکر کا شکار ہو رہے ہیں۔ بڑھتی اموات کے باوجود حکومت اور پولیس ٹریفک قوانین پر پابندی کروانے اور ڈمپر و ٹینکر کی تیز رفتاری و قانون شکنی کی روک تھام میں ناکام ہوگئی ہے ۔ متاثرہ خاندان جس دکھ اور کرب سے گزررہے ہیں وہ وہی جانتے ہیں۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ ہم اس حالیہ افسوسناک واقع سمیت تمام متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قانون شکنوں اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔