بس کی چھت پر بیٹھا نوجوان بیرئیر سے ٹکرا کر جاں بحق

بس کی چھت پر بیٹھا نوجوان بیرئیر سے ٹکرا کر جاں بحق

روہڑی،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) روہڑی میں مسافر بس کی چھت پر بیٹھے دو افراد شہر میں بڑی گاڑیوں کی روک تھام کے لیے لگے بیرئیر سے ٹکرا گئے ، جس کے نتیجے میں راجن پور کا نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

اسی شہر میں فرید ایکسپریس کی بوگیاں نہ لگنے پر مسافروں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا۔ پڈعیدن کے قریب ٹریفک حادثے میں دو قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت جنید راجپر اور نیک محمد شر کے طور پر کی گئی۔ اسی طرح پڈعیدن میں آوارہ کتے کے کاٹے سے 18 سالہ نوجوان دم توڑ گیا، جب کہ اوستہ محمد میں آوارہ کتوں نے رائس مل کے چوکیدار کو بری طرح زخمی کر دیا۔ لاڑکانہ میں پیش امام ساجد چانڈیو کو ڈکیتی مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔ ڈوکری میں جلی ہوئی پرانی لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے دفنا دی گئی۔ روہڑی میں ایک شخص نے لینس ڈاؤن پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، لیکن نیوی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بچا لیا۔ جیکب آباد کے قریب باراتیوں سے بھری ایک ٹریکٹر ٹرالی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے باعث خواتین و بچوں سمیت 25 باراتی زخمی ہوگئے۔ شہدادپور کے گاؤں عباس کیریو میں کیریا برادری کے دو فریقین کے درمیان جھگڑے کے دوران مسلح ملزمان کی فائرنگ سے امام علی عرف بگو کیریو گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ حسان کیریو شدید زخمی ہو گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقتول کی لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں