روہڑی :بوگیاں نہ لگنے پر مسافروں کا ریلوے ٹریک پر دھرنا
روہڑی (نمائندہ دنیا )فرید ایکسپریس میں بکنگ کے باوجود بوگیاں نہ لگانے پر مشتعل مسافروں نے روہڑی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے سامنے ریلوے ٹریک پر دھرنا دے دیا اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ٹرین کی روانگی روک دی۔
احتجاج کرنے والے مسافروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لاہور سے کراچی سفر کے لیے فرید ایکسپریس میں ایڈوانس بکنگ کروا چکے تھے ، تاہم جس بوگی میں ان کی بکنگ تھی وہ بوگی ٹرین سے منسلک ہی نہیں کی گئی، جس پر ریلوے حکام نے انہیں سفر سے روک دیا اور واپس جانے کا کہا، جو سراسر زیادتی ہے ۔مشتعل مسافروں نے مطالبہ کیا کہ جب تک ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ نہیں کیا جاتا، وہ ریلوے ٹریک سے نہیں ہٹیں گے ۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے دھرنے کے بعد ریلوے انتظامیہ نے مظاہرین کو مختلف مسافر ٹرینوں میں نشستیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی، جس پر مسافروں نے احتجاج ختم کیا اور فرید ایکسپریس کو تاخیر سے کراچی کے لیے روانہ کیا گیا۔واضح رہے کہ ریلوے انتظامیہ کی غفلت اور ناقص حکمت عملی کے باعث روہڑی ریلوے اسٹیشن پر اس قسم کے احتجاجی مظاہرے معمول بن چکے ہیں۔