میرپور ماتھیلو :زرعی یونیورسٹی کا کیمپس بنانے کی تیاریاں شروع
میرپور ماتھیلو (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر زراعت، انسداد بدعنوانی، کھیل اور امور نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر کے اعلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے میرپور ماتھیلو میں زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کا کیمپس قائم کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وفد نے سرکٹ ہاؤس میرپور ماتھیلو کا دورہ کیا اور عمارت کو ابتدائی طور پر تدریسی عمل کے لیے موزوں قرار دیا۔ وفد میں ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن پروفیسر ڈاکٹر عنایت ﷲ راپر، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محمد اشرف رستمانی، پراجیکٹ انجینئر محمد احسان چنہ، ڈپٹی ڈائریکٹر نصرت علی چانڈیو اور ریاض شیخ شامل تھے ۔وفد نے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی سے ملاقات کے بعد سرکٹ ہاؤس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ ڈاکٹر عنایت ﷲ راپر نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات پر میرپور ماتھیلو میں زرعی یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جا رہا ہے ، اور ابتدائی طور پر سرکٹ ہاؤس کی عمارت کو استعمال کیا جائے گا، جسے مستقبل میں توسیع دے کر مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی نے کہا کہ یونیورسٹی کیمپس کا قیام علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے ، جس سے نہ صرف ضلع گھوٹکی بلکہ اطراف کے علاقوں کے طلبہ بھی مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کیمپس کے قیام میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وفد نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد تدریسی عمل کا آغاز ہو گا اور مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلیں گے۔