کمشنر میرپورخاص کا جھڈو کا دورہ،آبی گذرگاہوں کی بحالی کا جائزہ

 کمشنر میرپورخاص کا جھڈو کا دورہ،آبی گذرگاہوں کی بحالی کا جائزہ

جھڈو (نمائندہ دنیا)کمشنر میرپورخاص فیصل کریم عقیلی نے جھڈو میں برساتی آبی گذرگاہوں پر جاری کام کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود بنگش، ضلعی چیئرمین میر انور تالپور، اسسٹنٹ کمشنر جھڈو غضنفر پرداخ، ایل بی او ڈی، پران ندی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔صحافیوں سے گفتگو میں کمشنر کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد آبی گذرگاہوں سے بارشوں سے قبل برساتی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنانا ہے ،تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایل بی او ڈی، پران ندی، ڈھورو اور آر بی او ڈی پر جاری تمام مرمتی و بحالی کے کام برسات سے پہلے مکمل کرلیے جائیں گے ۔فیصل کریم عقیلی نے جھڈو حیات خاصخیلی کے مقام پر ایک سال سے تعطل کا شکار نئے پل کی تعمیر کو بھی جلد شروع کرنے کا عندیہ دیا۔واضح رہے کہ 2011 کی شدید بارشوں اور سیلاب سے تعلقہ جھڈو مکمل طور پر زیر آب آ گیا تھا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 14 سالوں میں آبی گذرگاہوں کی بحالی کے لیے کوئی مستقل عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ 2020 اور 2022 میں بھی انہی گذرگاہوں کے کمزور پشتوں میں شگاف پڑنے سے علاقے کو دوبارہ سیلابی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال بارشوں سے چند روز قبل ضلعی انتظامیہ صرف رسمی اجلاس اور دورے کرکے احکامات جاری کرتی ہے ، مگر کوئی دیرپا حل سامنے نہیں آتا۔تعلقہ جھڈو چونکہ ان گذرگاہوں کا ٹیل علاقہ ہے ، اس لیے بارشوں کے بعد سب سے زیادہ نقصان اسی علاقے کو اٹھانا پڑتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں