پولیس میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی اور تبادلے کا نیا طریقہ کار جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی اور تبادلے کا نیا طریقہ کار جاری ، میرٹ پر مبنی تعیناتی کے لیے واضح ایس او پیز متعارف کرادی گئیں۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے جاری کردہ نئی گائیڈ لائن کے مطابق کسی بھی افسر پر اسکے اپنے ضلع میں پوسٹنگ پر پابندی ہوگی اور ہوم ٹاؤن یا ضلع میں پوسٹنگ صرف آئی جی کی منظوری سے ممکن ہوگی۔ صرف صاف سروس ریکارڈ والے اہل افسران ہی ایس ایچ او بن سکیں گے ۔کرپشن، نااہلی یا عدالتی مقدمات کا سامنا کرنے والے افسران نااہل قرار دے دیے گئے ، ایس ایچ او کی مدت کم از کم ایک سال مقرر کردی گئی جبکہ قبل از وقت تبادلے کی اجازت صرف ٹھوس وجوہات اور ڈی آئی جی کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ ایک سال مکمل کرنے والے افسر کو 3 سال تک اسی تھانے میں دوبارہ تعیناتی نہیں دی جائے گی۔