بیوی سے جھگڑا ،سفاک باپ نے شیر خوار کو چولہے میں پھینک دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں ایک شخص کو اپنے 10 ماہ کے بچے کو جلتے چولہے میں پھینک کر شدید جھلسا دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں میاں بیوی کے گھریلو جھگڑے کے بعد باپ نے مبینہ طور پر اپنے 10 ماہ کے معصوم بچے کو چولہے پر رکھ کر اسکے دونوں پاؤں جلا دیے ۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ لڑائی کے دوران میرے شوہر نے بیٹے کا پاؤں چولہے پر رکھ کر جلایا، وہ مجھے بھی اکثر تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ لیاقت آباد تھانے میں درج کرلیا گیا اور کیس کی تفتیش سینٹرل چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے سپرد کردی گئی تاکہ بچوں پر تشدد کے انسداد کے قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھااور تحقیقات کے دوران ملزم عامر کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچے کا نچلا جسم بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ڈاکٹرز کے مطابق بچے کو شدید زخم آئے ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ، ملزم نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اسکی بیوی اس سے طلاق مانگ رہی تھی اور اس بات پر اب دونوں میں جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔