سوشل میڈیاسے شہریوں کولوٹنے والا گروہ گرفتار،خاتون ملزمہ شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور لوٹ مار کی وارداتوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان منیب اور فرقان کو گرفتار کیا جو سوشل میڈیا پر شہریوں کو جال میں پھنسا کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے لوٹتے تھے ۔ ان کے قبضے سے پستول، کیش، موبائل فونز اور وردی برآمد ہوئی، جب کہ ان کے گروہ میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ادھر بہادرآباد پولیس نے شہری سے اسلحے کے زور پر نقدی اور موبائل چھیننے والے ملزم حبیب اللہ کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل اور کار برآمد کر لی۔ ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ نکلا اور ساتھی تاحال فرار ہیں۔علاوہ ازیں سائیٹ اے تھانے نے کاروائی کرتے ہوئے منشیات فروش عبدالغنی کو 105 گرام ہیروئن سمیت گرفتار کیا، جب کہ درخشاں تھانے نے ڈی ایچ اے فیز 5 سے خاتون منشیات فروش بابرہ عرف بیبو بلوچ کو 6.70 گرام آئس سمیت گرفتار کرلیا، جو پولیس کی بی کیٹیگری لسٹ میں شامل تھی۔اسی طرح نور جہاں پولیس نے ماوا و گٹکا بیچنے والے بدنام ملزم الیاس عرف شمپو کو گرفتار کر کے چرس، ماوا اور گٹکا برآمد کیا۔ ملزم کے خلاف دو مقدمات درج کیے گئے ہیں جب کہ اے وی ایل سی سائٹ ڈویژن نے فارم ہاؤس جاتے نوجوانوں سے لوٹ مار اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث خطرناک گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی، جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔