گلشن اقبال ٹاؤن اور این ای ڈی یونیورسٹی کااشتراک

کراچی (اسٹاف رپورٹر )چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤنڈ اکٹر فواد احمد نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پنجوانی حصار واٹر انسٹی ٹیوٹ کے ڈا ئریکٹر ڈاکٹر عمران احمد سے ملاقات کی۔۔۔
جس میں واٹر ری سائیکلنگ ، واٹر مینجمنٹ اور موسمیات تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر فواد احمد نے بتایا کہ بارشوں کے بعد شہر میں جگہ جگہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک مسائل ہوتے ہیں،شہر کو پانی کی شدید ضرورت ہے جبکہ بارش کے پانی کا بڑا حصہ سمندر کی نظر ہو جاتا ہے ۔ ملاقات میں بارش کے پانی اور وضو کے پانی کو محفوظ کرنے ، فلٹر کرنے اور دوبارہ استعمال میں لانے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں گلشن اقبال ٹاؤن اور جامعہ این ای ڈی کے واٹر انسٹی ٹیوٹ میں اشتراک عمل کے ذریعے جلد اقدامات کیے جائیں گے ۔ مون سون سے قبل بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور اس کے موثر استعمال کے لیے ایک جامع منصوبے پر عمل درآمد کی کوشش کی جائے گی جس کے نتیجے میں زیر زمین پانی کی سطح بلند کرنے میں بھی کامیابی ہوگی اور موسم کی شدت سے بھی نمٹا جاسکے گا ۔ڈاکٹر عمران احمد نے بتایا کہ گلشن اقبال ٹاؤن کی حدود میں کم از کم تین ایسے مقامات ہیں جہاں زیر زمین پانی کو ذخیرہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے گلشن ٹاؤن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کہ کراچی کے دیگر ٹاؤنز اور دیگر بلدیاتی ادارے بھی اس طرح کے منصوبوں کیساتھ آگے آئیں تو شہر میں پانی کے مسائل پر بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے ۔