ملیر: سولرپارک کی تعمیر ، متاثرین میں چیک تقسیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزارت توانائی سندھ ناصر حسین شاہ کے دفتر میں ڈسٹرکٹ ملیر کے ان متاثرین میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جن کی زمین پر مستقبل کا 150 میگاواٹ کا سولر پارک تعمیر کیا جائے گا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے متاثرہ خاندانوں میں چیکس تقسیم کیے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے متاثرین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بناتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سولر پارک کی زمین پر رہائش پذیر افراد کو بے سہارا نہیں چھوڑا گیا بلکہ انہیں بروقت اور مناسب معاوضہ فراہم کیا گیا ہے ۔وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ ملیر میں 150 میگاواٹ کے جدید سولر پارک کا قیام زیرِ عمل ہے جو کراچی کے عوام کو صاف، ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے مطابق کسی بھی ترقیاتی منصوبے سے قبل زمین سے متاثرہ افراد کو مکمل ادائیگی کو یقینی بنانا لازم ہے ۔ ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح توانائی کے شعبے میں پائیدار حل فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر معیارِ زندگی میسر آ سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سولر پارک کی زمین پر رہائش پذیر افراد کو بے سہارا نہیں چھوڑا گیا بلکہ انہیں بروقت اور مناسب معاوضہ فراہم کیا گیا ہے ۔تقریب میں سیکریٹری توانائی مشتاق سومرو، ایڈیشنل سیکریٹری زین العابدین انصاری، پروجیکٹ ڈائریکٹر محفوظ قاضی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔سندھ کابینہ نے گزشتہ برس ملیر میں 600 ایکڑز پر 150 میگاواٹ سولر پارک قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔وزیرتوانائی ناصر حسین شاہ نے بتایاتھا کہ 600 ایکڑ پر 150 میگاواٹ کا سولر پارک دیہہ مٹہ گھر ضلع ملیر میں قائم کیاجائے گا۔