سگ گزید گی میں اضافہ، 3 ماہ میں 6 ہزار کیسز رپورٹ، 6 شہری جان کی بازی ہار گئے

 سگ گزید گی میں اضافہ، 3 ماہ میں 6 ہزار کیسز رپورٹ، 6 شہری جان کی بازی ہار گئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات کے باعث سگ گزیدگی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

رنچھوڑ لائن، پی آئی بی، کھارادر، لائنز ایریا، لیاری، بفر زون، کورنگی، لانڈھی، قائد آباد،گلشن حدید، سولجر بازار، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن ، شیر شاہ سمیت سرجانی اور نیو کراچی و ایف سی ایریا سے ملحقہ علاقوں میں آوارہ کتوں کے غول دندناتے پھر رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق جناح اسپتال میں 3ماہ کے دوران سگ گزیدگی کے 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ اس دوران متاثرہ 6شہری جان کی بازی ہار گئے ۔ کچھ علاقوں میں شہری گھروں سے نکلتے ہوئے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ عوام نے انتظامیہ سے کتوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ڈاکٹر ز کے مطابق چھوٹے بچے کتوں کا آسان ہدف ہیں، متاثرہ جگہ کو فوراً صاف پانی اور صابن سے دھوئیں تاکہ مٹی یا جراثیم دور ہو جائے ۔زخم کو خشک کرنے کے بعد اگر ممکن ہو تو اینٹی سیپٹک کریم لگائیں اور زخم پر بینڈیج باندھ دیں۔فوراً کسی ڈاکٹر یا اسپتال سے رجوع کریں، خاص طور پر اگر کتا آوارہ ہو۔ اگر کتا مشکوک ہو تو ڈاکٹری مشورے کے مطابق رابیدیس کی ویکسینیشن بھی ضروری ہو سکتی ہے ۔اپنے ٹیکوں کی تاریخ دیکھیں، خاص طور پر ٹیٹنس کی ویکسین۔ یہ سب اقدامات فوری طور پر کرنے چاہییں تاکہ صحت کی حفاظت ہو سکے ۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان واقعات کی روک تھام کیلئے وجوہات کو ختم کرنا ضروری ہے ۔ نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے اور فضا ئی آلودگی کے سبب سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں