خستہ حال پول موٹرسائیکل پر گرگیا، شہری جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی زخمی

 خستہ حال پول موٹرسائیکل پر گرگیا، شہری جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)کار ساز شارع فیصل پر ائر پورٹ جانے والے ٹریک پر اسٹریٹ لائٹ کا خستہ حال پول موٹر سائیکل سوار خاندان پر گر گیا ۔حادثے میں گھر کا سربراہ جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی زخمی ہوگئیں۔

 تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود کارساز شارع فیصل پر خستہ حال پول موٹرسائیکل پر سوار خاندان پر گرنے سے 45 سالہ جمیل جاں بحق اور اسکی اہلیہ 40 سالہ فاطمہ اور بیٹی 16 سالہ انشیہ زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو جناح اسپتال طبی امداد کے لیے لایا گیا ، حادثے کا شکار ہونے والا خاندان شارع فیصل سے گزر رہا تھا کہ یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔موقع پر موجود افراد نے شارع فیصل پر گرنے والے اسٹریٹ لائٹ کے پول کو کھینچ کر فٹ پاتھ پر رکھ دیا۔حادثے کے بعد شارع فیصل پر وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا اور اس حوالے سے پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ دوسری جانب شاہ لطیف کے علاقے لانڈھی رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب نیشنل ہائی وے پر بس اور ٹینکر کے درمیان آگے نکلنے کی دوڑ کے دوران ٹریفک حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ایدھی ترجمان کے مطابق واٹر ٹینکر بس سے آگے نکلنے کے لیے عقب سے ہارن بجا رہا تھا اور بس کو پش بھی کر رہا تھا، اسی دوران تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار افراد ادھر ادھر جا گرے جبکہ متعدد خواتین اور بچوں کے سر لوہے کی سیٹوں سے ٹکرا کر پھٹ گئے ۔ایدھی رضا کار ڈرائیور ساجد پٹھان اور عابد رشید نے بتایا کہ بس میں سوار افراد اورنگی ٹاؤن کے رہائشی اور ایک ہی خاندان کے افراد تھے جو پکنک منانے کلری جھیل جا رہے تھے ۔مجموعی طور پر 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے تاہم علاج و معالجے کے لیے 6 افراد جو زیادہ زخمی تھے وہ اسپتال لائے گئے ، اسپتال لائے جانے والے زخمیوں کی شناخت 48 سالہ مختار احمد، 25 سالہ مہتشم حسین، 18 سالہ نوید حسین، 20 سالہ عظیم شاکر، 20 سالہ نقاش ، 26 سالہ گلشن، 30 سالہ فرحان ولد قادر حسین اس کا بہن 20 سالہ سحر اس کا چھوٹا بھائی 17 سالہ محمد ارمان اور ان کے والد 58 سالہ قادر حسین کے ناموں سے کی گئیں۔زخمی ہونے والی بیشتر خواتین نے بھی علاج و معالجے کے لیے اسپتال آنے سے انکار کر دیا تھا اور وہ بزد تھیں کہ انہیں ان کے گھر پہنچا دیا جائے ، پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں