ڈکیت اور منشیات فروشوں سمیت 37ملزمان گرفتار
لاڑکانہ، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگا ن دنیا )لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ڈکیتی، چوری اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث 29 اشتہاری، روپوش و مطلوب ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات، چھینی گئی 7 موٹر سائیکلیں، قیمتی موبائل فونز اور لاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ بھینسیں برآمد کر لی ہیں۔
نوڈیرو، تعلقہ، دڑی، اللہ آباد، حیدری، ایئرپورٹ، ڈوکری، ولید اور علی گوہر آباد تھانوں کی کارروائیوں میں اسلحہ، گٹکا، شراب، منشیات اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں، جبکہ کئی ملزمان ماضی میں بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں تھانہ ولید کی حدود میں پولیس مقابلے کے بعد ڈاکو عامر کلہوڑو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جو متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ سکھر پولیس نے بھی مختلف کارروائیوں میں ڈاکوؤں سے دو پولیس مقابلوں کے دوران دو زخمی ڈاکو محمد علی یوسفزئی اور شیر خان کھوسہ کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے پولیس ٹیم کو شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔دوسری جانب سکھر پولیس نے روہڑی، اے سیکشن اور سی سیکشن تھانوں کی حدود میں سماجی برائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے گٹکا، ماوا، شراب اور منشیات برآمد کی گئیں۔