جیکب آباد :کرپشن اور سہولیات کے فقدان کیخلاف احتجاج

 جیکب آباد :کرپشن اور سہولیات کے فقدان کیخلاف احتجاج

جیکب آباد (نمائندہ دنیا )جیکب آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن، سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی خستہ حالی کے خلاف شہریوں کا پارہ چڑھ گیا۔

 عام انسان تحریک کی کال پر شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔تفصیلا ت کے مطابق جیکب آباد میں محکمہ روڈس، بلڈنگ اور دیگر اداروں کی مبینہ کرپشن کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ عام انسان تحریک کی قیادت میں سید علی شاہ، عبدالنبی لاشاری، الفاط میرانی اور دیگر کی سربراہی میں نکالے گئے جلوس نے شہر کی مختلف سڑکوں پر مارچ کیا اور کرپٹ افسران کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے تپتی دھوپ میں دھرنا دے کر روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کے اربوں روپے کاغذی کارروائیوں کے ذریعے ہڑپ کیے گئے ہیں، جبکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ سڑکیں کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہیں اور بنیادی سہولیات ناپید ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ کئی اسکیمیں صرف کاغذوں میں مکمل ظاہر کر کے ٹھیکیداروں اور افسران نے کروڑوں روپے کی بندر بانٹ کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی فنڈز میں کرپشن کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افسران و ٹھیکیداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اگلا احتجاج سرکاری دفاتر کا گھیراؤ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں