ہاکس بے پربلدیہ عظمیٰ کے پہلے بیچ ریزورٹ کا افتتاح

ہاکس بے پربلدیہ عظمیٰ کے پہلے بیچ ریزورٹ کا افتتاح

کراچی(این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اب شہریوں کو تھائی لینڈ، ملائیشیا یا دبئی جانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم نے ایک شاندار بیچ ریزورٹ ان کے اپنے شہر میں مہیا کر دیا ہے۔

 اگلا ریزورٹ ابراہیم حیدری یا ملیر کے علاقے میں بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری تفریح سے مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکس بے کے ساحل پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پہلے Cove بیچ ریزورٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرمین اور دیگر بھی موجود تھے ، میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ ریزورٹ چھ ماہ قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا گیا تھا اور آج مکمل کر کے شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے ، کراچی کے عوام کے لیے ورلڈ کلاس تفریحی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے ، کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کام کر رہی ہے ، جب روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں تو معیشت مضبوط ہوتی ہے ، ہمارا عزم ہے کہ کراچی کو سرسبز، صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جائے ، ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے کہ کراچی کا مثبت امیج اجاگر ہو کیونکہ جب کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے ، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 46 بڑے نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور ہم نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں