غفلت پرایس ایچ او کے خلاف کارروائی کاحکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کی غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او عوامی کالونی گل حسن کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دے دیا۔
عدالت نے سب انسپکٹر محمد نعیم کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت جاری کی اور ریمارکس دیے کہ پولیس افسران عدالتی احکامات کو سنجیدہ نہیں لیتے اور ان پر توجہ نہیں دیتے جس کے باعث غیر قانونی طور پر عارف حسین جیسے افراد قابض بنے ہوئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ کورنگی سیکٹر 35-ڈی میں واقع 120 گز کا مکان خالی کرانے کے لیے حکم جاری کیا گیا تھا لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار کو ایک اچھی شہرت کا حامل افسر قرار دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ عدالتی احکامات پر ہر صورت عمل درآمد کرایا جائے اور رپورٹ 26 جون تک پیش کی جائے ۔