نوڈیرو:ایران میں پھنسے پیاروں کی واپسی کیلئے ورثا کا احتجاج
نوڈیرو(نمائندہ دنیا) گڑھی خدابخش کے قریب گاؤں چانڈیہ پتافی کے رہائشیوں نے ایران میں پھنسے پیاروں کی واپسی کے لیے احتجاج کیا۔ خواتین، مرد اور بچے سڑکوں پر نکل آئے ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گاؤں چانڈیہ پتافی کے 400 سے زائد افراد جن میں خواتین، مرد اور بچے شامل ہیں تہران کے نواحی علاقوں شاہ عبدالعظیم، قلعہ گابری، کوچہ سر اور باقر آباد میں جنگی صورتحال کے باعث پھنسے ہوئے ہیں، ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث انہیں خوراک جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں، جس کے سبب وہ بھوک سے نڈھال ہیں۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ تہران میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ متاثرین کی کوئی مدد نہیں کر رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بہت سے عزیز کئی برس سے ایران میں روزگار کے سلسلے میں بھی مقیم تھے ، موجودہ جنگی حالات میں ان کی بھی زندگیاں خطرے میں ہیں اور وطن واپسی کی کوئی راہ دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔مظاہرین نے صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور آرمی چیف سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرکے ان کے پیاروں کو وطن واپس لانے کے اقدامات کریں۔