منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن

منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائدآباد میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، خفیہ اڈے مسمار۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کے علاقے قائدآباد میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں قائم خفیہ اڈے مکمل طور پر مسمار کر دیے ۔

 کارروائی سواتی محلہ، مسلم آباد اور لالی نور بختیروان سمیت کئی مقامات پر کی گئی، جہاں منشیات فروش طویل عرصے سے سرگرم تھے ۔پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی مکمل منصوبہ بندی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس کا مقصد علاقے کو منشیات سے پاک کرنا تھا۔ خستہ حال گھروں، گلیوں اور اندرونی خفیہ راستوں میں قائم ان اڈوں کو گرا کر علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔ لالی نور بختیروان کے علاقے میں بھی منشیات فروشوں کا ایک بڑا خفیہ اڈہ نشاندہی کے بعد گرایا گیا، جہاں سے کئی مرتبہ منشیات کی خرید و فروخت کی شکایات موصول ہو چکی تھیں۔کارروائی کے دوران پولیس نے متعدد گھروں کی تلاشی لی، گلیوں کی سرچنگ کی اور مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی بھی لی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں