علما کو محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی

علما کو محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمر یز کی ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں تمام مکاتب فکر کے جیدعلماء اور اکابرین سے ملاقات۔ ملاقات کے دوران علماء کرام کو دوران محرم الحرام امن وامان کو یقینی بنانے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے پرتبادلہ خیال ہوا۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق ڈی جی رینجرز (سندھ) نے دوران ملاقات علماء کرام کو محرم الحرام کے موقع پر فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ مقدس ایام میں شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی ادارے پولیس کے ہمراہ ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ مجالس اور جلوس بخوبی انجام پائیں۔ڈی جی رینجرز (سندھ) نے اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں علماء کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام کا مثبت کر دار معاشرتی استحکام اور نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ علماء کرام نے اس موقع پر محرم الحرام میں قیام امن کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کر ائی۔ عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سر گرمی اور نا خو ش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں