بنو قابل پروگرام امید سے یقین تک کا سفر، منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ الخدمت کا بنو قابل پروگر ام ملک بھر میں پھیل چکا ہے ،یہ امید سے یقین تک کا سفر ہے ،یہ پروگرام اب ملک کے نوجوانوں کی امید کا مرکز بن چکا ہے ۔
کراچی میں الخدمت بنو قابل سے 50ہزار طلبہ وطالبات فری آئی ٹی کورسز کرچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن ایکسپو2025 میں دو روزہ االخدمت بنو قابل کی گریجویشن تقریبات کی اختتامی تقریب میں طلبہ اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی،ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی،سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی کراچی زاہد عسکری،کامیڈین ایاز خان موجود تھے ۔نامور صحافی محمود شام،مختلف کارپوریٹ اداروں کے ذمہ داران،سرکاری ادارون کے افسران نے بھی بنو قابل کی گریجویشن تقریب کا دورہ کیا، طلبہ سے ملاقات کی اور الخدمت کی کاوشوں کو سراہا۔منعم ظفرخان نے ایجوکیشن ایکسپو 2025 میں مختلف یونیورسٹیز کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا ۔منعم ظفرخان نے کہا کہ الخدمت نوجوانوں کو 28آئی ٹی کورسز بالکل مفت کروارہی ہے اوراس کیلئے شہر بھر میں 55آئی ٹریننگ سینٹرز قائم کیے ہو ئے ہیں،جہاں صبح 9 تارات 10بجے تک کلاسز جاری رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے پڑھے لکھے نوجوان روزگار نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی کا شکار تھے ،انہیں مایوسی سے نکالنے کیلئے الخدمت کے تحت اس پروگرام کا آغاز کیا گیا۔